اسلام آباد (پی پی اے) سول سروسز اکیڈمی کے 54ویں کامن کے زیرِ تربیت افسران نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیووٹیک) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین نیووٹیک انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے افسران سے ملاقات کی اور نیووٹیک کے مختلف پروگرامز، فنی و تکنیکی تربیت، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر زیرِ تربیت افسران نے نیووٹیک کے مختلف پروگرامز اور تربیتی اقدامات کے بارے میں سوالات کیے، جن کے چیئرمین نیووٹیک انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے تفصیلی جوابات دیے۔ ملاقات کے دوران ملک میں فنی و تکنیکی تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور صنعت کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرامز کی تشکیل سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے کہا کہ ہنرمند نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تربیت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیووٹیک نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف پروگرامز پر کام کر رہا ہے۔سول سروسز اکیڈمی کے زیرِ تربیت افسران نے نیووٹیک کی جانب سے فنی و تکنیکی تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور دورے کو ان کے پیشہ ورانہ تربیتی سفر کا اہم حصہ قرار دیا