اسلام آباد (پی پی اے): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت، عوام اور ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ 2017ء میں ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم ہو چکا تھا، کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری بھارتی دہشت گردی اور سہولت کاری کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بے بنیاد الزام تراشی کا مؤثر جواب دیا گیا، وزیراعظم نے واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی جس سے پاکستانی مؤقف کو پذیرائی ملی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے۔ کینیڈا سمیت مختلف ممالک میں دہشت گردی اور قتل و غارت میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔