اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی اور آبی پالیسیوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ضروری ہے، نوجوان پالیسی سازی اور زمینی سطح پر عملدرآمد کے درمیان خلا ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وہ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اور واٹر ایڈ پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ قومی یوتھ لیڈ پالیسی راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پالیسی سازی، عملدرآمد، نگرانی اور احتساب کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے گرین اسکلز، کلائمیٹ یونیورسٹی اور اسٹارٹ اپس سمیت مختلف اقدامات کررہی ہے تاکہ انہیں ملک کے موسمیاتی ایجنڈے میں عملی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ انہوں نے حکومت، نوجوانوں، جامعات، تحقیقی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک بھر کی کمیونٹیز میں موجودگی کے باعث منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی، خامیوں کی نشاندہی اور پالیسی سازوں کو زمینی حقائق سے آگاہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے موسمیاتی اور آبی پالیسیوں میں خواتین، کمزور اور پسماندہ طبقات کی شمولیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت پانی کے انتظام اور سروسز کی فراہمی کے اہم شعبے صوبائی دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس لیے صوبائی اداروں کی تکنیکی اور انسانی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ وفاقی سطح پر رابطہ کاری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی اور آبی مسائل مختلف علاقوں میں مختلف نوعیت کے ہیں، لہٰذا پالیسیوں میں مقامی ضروریات اور کمزوریوں کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ مقامی اور کمیونٹی کے تجربات کو سائنسی و تکنیکی مہارت کے ساتھ بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب توجہ صرف پالیسی وعدوں تک محدود رکھنے کے بجائے زمینی سطح پر واضح اور قابلِ پیمائش نتائج کے حصول پر مرکوز ہونی چاہیے۔ وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ اویس منظور سمرا اور وزارت کے سینئر حکام بھی راؤنڈ ٹیبل میں شریک تھے۔ ملک بھر سے آئے نوجوان شرکا نے پانی کی قلت، سیلاب، خشک سالی، صفائی، صحت عامہ اور موسمیاتی لچک کے حوالے سے اپنے تجربات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے فیصلہ سازی، کمیونٹی اقدامات اور احتساب میں نوجوانوں کے کردار کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔