پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق، دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب

لاہور۔ (پی پی اے) پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ کالاباغ میں 3 لاکھ 33 ہزار، چشمہ میں 3 لاکھ 18 ہزار اور تونسہ میں 3 لاکھ 38 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا۔ نارووال کے نالہ بسنتر، نالہ ایک اور نالہ پلکھو میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 70 فیصد بھر چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کیا جائے اور بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے سے روکا جائے۔

Comments (0)
Add Comment