اسلام آباد (پی پی اے )آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد و چیئرمین ٹریڈرز اینڈ مارکیٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری اور ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آبپارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے تاجر نمائندوں کی مشاورت سے آسان تاجر اسکیم کا اجراء کیا ہے، جس سے بالخصوص چھوٹے تاجروں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی، جس میں آسان تاجر اسکیم، ٹرن اوور ٹیکس اور تاجروں کو درپیش ٹیکس مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجمل بلوچ نے کہا کہ وفاقی وزراء اور چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ ہونے والی پریس کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی تاجر کو بلاجواز تنگ نہیں کیا جائے گا۔اسان ٹیکس سکیم آنے والے تاجروں کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سسٹم اور سیل ٹیکس سے چھٹکارا مل جائے گا اور کوئی ایف بی آر اہلکار بلااجازت کسی دکان یا کاروباری مرکز میں داخل نہیں ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ ستائیس برس سے تاجروں کے لیے ایک آسان اور قابلِ عمل ٹیکس اسکیم کے نفاذ کی کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ برس بھی تاجر دوست اسکیم متعارف کرائی گئی تھی، لیکن محکمانہ رکاوٹوں کے باعث وہ کامیاب نہ ہوسکی۔ ہمیں اب بھی خدشہ ہے کہ کہیں ٹرن اوور ٹیکس اسکیم کے خلاف بھی کوئی سازش نہ کی جائے۔خالد چوہدری نے کہا کہ یکم ستمبر سے متعلقہ ایپ فعال ہو جائے گی، جس کے بعد تاجر آسان طریقے سے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکیں گے۔ اس نظام سے تاجروں کو ایف بی آر اہلکاروں کی غیر ضروری مداخلت اور محکمانہ پیچیدگیوں سے نجات ملے گی۔شہزاد عباسی نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جن کی نگرانی چیئرمین ایف بی آر خود کریں گے۔ یہ کمیٹیاں تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے اور آسان تاجر اسکیم پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔تاجر رہنماؤں نے ملک بھر کی تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ آسان تاجر اسکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائے اور ہر صورت اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تاکہ تاجر برادری کو ایک منظم، آسان اور شفاف ٹیکس نظام کا حصہ بنایا جاسکے۔