اسلام آباد(پی پی اے )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تاجر ٹیکس ادا کرتے ہیں اور مزید ٹیکس دینے کے لیے بھی تیار ہیں، تاہم حکومت ایسا سازگار اور دوستانہ کاروباری ماحول پیدا کرے جس میں تاجروں کی تذلیل نہ ہو، بلاجواز مقدمات اور گرفتاریاں نہ ہوں اور ایف بی آر کی ٹیمیں مارکیٹوں میں چھاپوں اور ہراساں کرنے کے بجائے اعتماد کی فضا قائم کریں۔ ٹیکس کلچر خوف سے نہیں بلکہ اعتماد اور شراکت داری سے پروان چڑھے گا۔ ریٹیلر سکیم ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر کے تاجروں اور صنعتکاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ معرکہ حق کے بعد پوری قوم، تاجر، صنعتکار اور حکومتی ادارے مل کر معرکہ معیشت سر کرنے کے لیے جامع، ٹھوس اور مستقل حکمت عملی کے تحت آگے بڑھیں تو پاکستان معاشی مشکلات پر بھی قابو پا سکتا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ، وزیر مملکت برائے خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھےانہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر کمانے والے شخص کو اپنی آمدن کے مطابق ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔ ایک محب وطن شہری اور ذمہ دار تاجر کی حیثیت سے ریاست کو چلانے کے لیے اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ ملک بھر کے تاجروں، چھوٹے صنعتکاروں اور ایس ایم ایز کو نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کرکے سالانہ ٹیکس ریٹرن لازمی جمع کرانا چاہیے_کاشف چوہدری نے کہا کہ تاجروں کے پاس موجودہ ٹیکس نظام اور ریٹیلر سکیم ایپ کے تحت دو آپشنز موجود ہیں۔ اگر کوئی تاجر سمجھتا ہے کہ اس کی آمدن قابل ٹیکس نہیں تو وہ نِل ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکتا ہے، کم آمدن پر کم اور زیادہ آمدن پر زیادہ ٹیکس ادا کیا جا سکتا ہے جبکہ ودہولڈنگ کی مد میں پہلے سے ادا کردہ ٹیکس کو ایڈجسٹ کروا کر اپنی ریٹرن جمع کرائی جا سکتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ ہر تاجر اپنی ریٹرن فائل کرنے کی قومی ذمہ داری پوری کرے نہوں نے کہا کہ اگر کوئی تاجر مروجہ نظام کے تحت ریٹرن فائل نہیں کرنا چاہتا تو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ریٹیلر سکیم سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اس سکیم کے تحت کم آمدن پر کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس جبکہ 20 کروڑ روپے تک کے ٹرن اوور پر ایک فیصد ٹیکس ادا کیا جا سکتا ہے سکیم کے نتیجے میں تاجروں کو پی او ایس اور ودہولڈنگ ایجنٹ بننے سمیت عمومی آڈٹ سے استثنیٰ کی سہولت حاصل ہوگی اور حکومت کی جانب سے سرٹیفکیٹ/پلیٹ بھی فراہم کی جائے گی جسے کاروباری مرکز پر نمایاں کیا جا سکے گا مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ سالانہ ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنا قومی ذمہ داری سے غفلت ہے، اس لیے ملک بھر کے تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی سالانہ ریٹرن ضرور جمع کرائیں۔ ہم ملک بھر سے ہزاروں بلکہ لاکھوں تاجروں کو موجودہ ٹیکس نظام یا ریٹیلر سکیم کے تحت ریٹرن فائل کرنے کی طرف راغب کریں گےانہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے حوالے سے قائم متعدد ریگولیٹری اداروں اور محکموں کے پیچیدہ نظام کو ختم کرکے ون ٹیکس سسٹم اور ون ونڈو آپریشن نافذ کیا جائے۔ کاروباری افراد کو مختلف اداروں کے چکر لگانے کے بجائے ایک ہی پلیٹ فارم پر تمام سہولیات فراہم کی جائیں_کاشف چوہدری نے کہا کہ بجٹ سے پہلے اور بجٹ کے بعد وزارت خزانہ، ایف بی آر اور تاجر و صنعتکار برادری کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ ایف بی آر کو حقیقی معنوں میں فرینڈلی بورڈ آف ریونیو بنایا جائے اور خوف و ہراس کی فضا ختم کی جائے۔ تاجر اور صنعتکار اعتماد کے ماحول میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، حکومت بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے_ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس آمدن میں اضافے کے ساتھ حکومتی اخراجات کم کرے، قرضوں کا بوجھ کم کیا جائے اور شرح سود میں بتدریج کمی لائی جائے تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ سازگار کاروباری ماحول سے معیشت کا پہیہ تیز ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، قومی آمدن بڑھے گی اور ریاستی نظام زیادہ مضبوط بنیادوں پر چل سکے گا_ کاشف چوہدری نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ تاجر اور حکومت کے درمیان اعتماد کی بحالی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں اور ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن میں تاجر و صنعتکار خود کو ریاست کا شراکت دار سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ماضی میں بھی ملک کے لیے قربانیاں دیتی رہی ہے، آج بھی تیار ہے اور آئندہ بھی قومی مفاد میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کراچی سے خیبر تک تاجروں اور صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں، اپنی سالانہ ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں اور ریاست کو چلانے میں اپنی قومی ذمہ داری ادا کریں_