اسلام آباد، ( پی پی اے): سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 54ویں مشترکہ تربیتی پروگرام کے 217 زیر تربیت افسران نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد پروگرام کے وژن، مینڈیٹ، ادارہ جاتی ڈھانچے اور سماجی تحفظ کے اہم اقدامات سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز نے افسران کا استقبال کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ارتقا اور غربت میں کمی، خواتین کو بااختیار بنانے اور مالی شمولیت میں اس کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق تشکیل پایا جبکہ اس کی بنیاد صدر آصف علی زرداری نے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی نمایاں خصوصیت گھرانے کی خاتون کو براہ راست مستحق قرار دینا ہے، جبکہ قومی شناختی کارڈ کی شرط نے لاکھوں خواتین کو قومی ڈیٹا بیس میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرپرسن نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صرف مالی امداد تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، غذائیت، مالی شمولیت اور روزگار کے مواقع کے ذریعے مستحق خاندانوں کو زندگی کے مختلف مراحل میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل والٹس کے اجرا کو مالی شمولیت میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ خواتین مستحقین کو محفوظ اور آسان ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادائیگیوں کے نظام میں مزید سہولت کے لیے انٹرآپریبلٹی متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بے نظیر ہنرمند پروگرام، مستحق خاندانوں کی دوبارہ تصدیق اور پروگرام سے باعزت اخراج کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار غربت میں کمی کے لیے مستحق افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانا ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری ڈاکٹر عاصم اعجاز نے بے نظیر کفالت، بے نظیر تعلیمی وظائف، بے نظیر نشوونما اور قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق بے نظیر نشوونما پروگرام سے بچوں میں نشوونما رکنے کی شرح میں 6.4 فیصد کمی آئی ہے۔ دورے کے اختتام پر افسران نے سوال و جواب کی نشست میں پروگرام کے ادارہ جاتی ڈھانچے، ادائیگیوں، ڈیجیٹل تبدیلی اور مستقبل کی پالیسی سے متعلق سوالات کیے۔ سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے ڈاکٹر فیصل ظہور نے سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی