اسلام آباد۔ ( پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی روکنے کی غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بلوچستان سے دہشتگردی کا جلد مکمل خاتمہ کردیا جائے گا وزیراعلیٰ نے صدر کو صوبے کی مجموعی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے بلوچستان میں امن کے قیام ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور عوامی فلاح یقینی بنانے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطے کو ضروری قرار دیا انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور مناسب وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں ملاقات میں پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور اور سابق صوبائی وزیر میر علی حسن زہری بھی شریک تھے