اسلام آباد ( پی پی اے): صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینکنگ محتسب پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی خدمات سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافہ کرے تاکہ بینکنگ صارفین خود کو فراڈ اور دھوکہ دہی سے محفوظ رکھ سکیں۔
صدر مملکت نے یہ بات بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے ایوان صدر میں انہیں بینکنگ محتسب کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ جدید بینکاری خدمات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے، تاہم معلومات کی کمی صارفین کو فراڈ کا شکار بنا رہی ہے۔ انہوں نے بینکنگ محتسب پر زور دیا کہ خواتین، خصوصی افراد، بزرگ شہریوں، کم آمدنی والے طبقات اور دیگر کمزور گروہوں کو انصاف تک رسائی میں خصوصی سہولت فراہم کی جائے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ 2025 کے دوران بینکنگ محتسب کو 35 ہزار 130 شکایات موصول ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کی 13 ہزار 793 زیر التوا شکایات بھی شامل تھیں۔ مجموعی طور پر 48 ہزار 923 شکایات میں سے 36 ہزار 280 شکایات نمٹائی گئیں اور بینکنگ صارفین کو ایک ارب 87 کروڑ 97 لاکھ 66 ہزار روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ رواں سال یکم جنوری سے 30 جون تک 21 ہزار 392 نئی شکایات موصول ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 16 ہزار 915 شکایات درج ہوئی تھیں۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں 18 ہزار 482 شکایات نمٹائی گئیں اور صارفین کو 76 کروڑ 27 لاکھ روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا گیا۔ ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔