صدر مملکت کا سرکاری ملازمتوں میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے پر زور، ایف پی ایس سی اصلاحات سراہیں

اسلام آباد ( پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے سرکاری ملازمتوں میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کی اہمیت پر زور دیا ہے صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں چیئرمین وفاقی پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) اختر نواز ستی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے انہیں ایف پی ایس سی کی سالانہ رپورٹ 2024 پیش کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی پبلک سروس کمیشن ملک میں بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور باصلاحیت، قابل اور مستحق افراد کا پیشہ ورانہ و تکنیکی عہدوں پر انتخاب یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے کمیشن کی جانب سے داخلی نظام میں اصلاحات اور بھرتیوں کے عمل کو زیادہ مؤثر اور کاغذ سے پاک بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے ہدایت کی کہ کمیشن میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ عوام کے اعتماد کا تحفظ بھی یقینی بنائے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ 2024 کے دوران مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں عمومی بھرتی کے تحت خالی آسامیوں پر تقرری کے لیے کمیشن نے ایک ہزار 816 امیدواروں کی سفارش کی۔ مجموعی طور پر ایک ہزار 722 آسامیوں کا اشتہار دیا گیا، جن کے لیے 2 لاکھ 74 ہزار 566 نئی درخواستیں موصول ہوئیں۔ ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

Comments (0)
Add Comment