اسلام آباد۔ (پی پی اے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئل ریفائنریوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 32 روپے فی لیٹر کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جس سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا وفاقی وزیر نے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو پٹرولیم وزیر سیکرٹری پٹرولیم اور متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی اور آئل ریفائنریوں سے مذاکرات کی ہدایت کی تاکہ ممکنہ ریلیف صارفین تک منتقل کیا جا سکے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اوگرا جلد ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کرے گا جبکہ وزیر پٹرولیم نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیزل کا بڑا حصہ ملک میں ہی ریفائن کیا اور تیار کیا جاتا ہے، اس لیے قیمت میں کمی سے بالخصوص کسانوں مال بردار ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو فائدہ ہوگا
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں اور جنگی صورتحال کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے حکومت آگاہ ہے۔ حکومت نے مشکل حالات میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے 130 ارب روپے خرچ کیے اور جہاں ممکن ہوا سبسڈی اور ہدفی سبسڈی بھی فراہم کی انہوں نے ڈیزل کی قیمت میں کمی کو عوام کے لیے بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام پر مالی بوجھ کم ہوگا اور ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی آج ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں یہ ریلیف ممکن ہوا اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں ملیں گی