پشاور( پی پی اے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات برائے سوشل میڈیا سید طاہر عباس اور چیئرمین پاکستان بارڈر ٹریڈ کونسل سید جواد حسین کاظمی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق ملاقات میں عوامی مسائل، پارٹی امور اور سابق فاٹا و پاٹا میں ٹیکس کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید جواد حسین کاظمی نے ٹیکس کے نفاذ سے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سابق فاٹا و پاٹا میں ٹیکس کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بات چیت جاری ہے۔ بہت جلد وزیراعظم سے ملاقات کرکے معاملہ اٹھایا جائے گا اور پیش رفت سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور سابق قبائلی اضلاع کے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے