ایس ایم ایز ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی، 71 لاکھ سے زائد کاروبار فعال ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد ( پی پی اے) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان میں 71 لاکھ 40 ہزار سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایس ایم ایز مجموعی ملکی پیداوار میں تقریباً 40 فیصد، برآمدات میں 30 فیصد اور غیر زرعی روزگار میں 80 فیصد سے زائد حصہ ڈالتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ ’’انٹرنیشنل ایس ایم ایز ایکسیلینس ایوارڈز 2026‘‘ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار محض تجارتی سرگرمیاں نہیں بلکہ پاکستان کی معیشت کی اصل ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ایک چھوٹے کاروبار کو مضبوط کرنا دراصل ایک پورے خاندان، کمیونٹی اور ملک کے معاشی مستقبل کو مستحکم کرنا ہے۔ سیدال خان ناصر نے نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے صرف ملازمتیں تلاش کرنے والے نہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے نوجوان درکار ہیں۔ نوجوانوں کو جدید ہنر، ٹیکنالوجی، سرمایہ، تربیت اور عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے کاروباری خیالات کو قومی اور بین الاقوامی برانڈز میں تبدیل کرسکیں۔انہوں نے چھوٹے تاجروں کے لیے آسان اور کم لاگت فنانسنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایس ایم ای فنانسنگ، اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹری فریم ورک اور ’’2026-28 ایکسس ٹو فنانس پلان‘‘ کے تحت ترجیحی بنیادوں پر قرضوں کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ مالیاتی پالیسیوں کے فوائد کاغذوں تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی طور پر چھوٹے کاروباری افراد تک پہنچنے چاہئیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے خواتین کی معاشی شمولیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کاروباری افراد کو فنڈز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کرکے معاشی کامیابی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مقامی مصنوعات کو ای کامرس اور جدید معیار کے ذریعے عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے پر بھی زور دیا تاکہ برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ پارلیمان کاروبار دوست ماحول، شفاف نظام اور مستحکم پالیسیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر سردار ثاقب نسیم، چیئرمین ایوارڈ کمیٹی محمد رؤف راجہ اور ایوارڈ حاصل کرنے والے نمایاں کاروباری افراد و اداروں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

Comments (0)
Add Comment