راولپنڈی(پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے سینئر مینیجر آپریشنز ڈاکٹر حامد اقبال اور مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارش کے دوران جاری صفائی آپریشن، نالیوں کی صفائی، پانی کی نکاسی، ویسٹ کلیئرنس اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اہم شاہراہوں، نشیبی علاقوں، بازاروں اور رہائشی آبادیوں میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں سے بریفنگ لی۔ رانا ساجد صفدر نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران فیلڈ آپریشنز میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام عملہ مکمل طور پر الرٹ رہے۔ انہوں نے نالیوں، گلیوں اور پانی کے گزرگاہوں کی فوری صفائی، جمع شدہ کچرے کی بروقت منتقلی اور نشیبی علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بارش کے دوران فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ایم ڈی نے فیلڈ میں موجود سینٹری ورکرز سے ملاقات کرکے حاضری، دستیاب مشینری اور درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی اور بارش کے باوجود خدمات انجام دینے پر ورکرز کو سراہا۔ انہوں نے ورکرز کو حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ رانا ساجد صفدر نے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور صفائی، پانی کے نکاس اور ویسٹ کلیئرنس سے متعلق شکایات سنیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں کا کچرا نالیوں میں پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے پانی کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران صفائی، ویسٹ لفٹنگ، نالیوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کے آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں اور کسی بھی مقام پر پانی کھڑا ہونے یا صفائی کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حامد اقبال اور عامر یونس نائیک نے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن اور آئندہ کے لائحہ عمل پر ایم ڈی کو بریفنگ دی