لاہور(پی پی اے)نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے کامل ضابطہئ حیات اور اسوہئ حسنہ کا روشن نمونہ ہے، آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں محبت، اخوت، رواداری، عدل و انصاف اور امن و بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے گوجرانوالہ میں منعقدہ ڈویژنل سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن محمد علی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ، سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان، چیئرمین متحدہ علماء بورڈ انتخاب نوری، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف گوجرانوالہ رانا محمد افضل، زونل خطیب اوقاف گوجرانوالہ مولانا محمد بشیر فاروقی، دیگر افسران، علماء کرام، قراء حضرات اور معززین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے سیرت النبی ؐ کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ صوبہ بھر میں ڈویژنل سطح پر جاری ہے اور گوجرانوالہ میں منعقدہ یہ کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، تعلیمات اور اسوہئ حسنہ کو عام کرنا اور نئی نسل کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی پوری زندگی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، آپ ؐ نے علم، اخلاق، کردار، صبر، برداشت، عدل، مساوات اور حقوق العباد کا ایسا جامع درس دیا جو ہر دور کے انسان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے؛ نبی کریم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے اور آپ ؐ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اپنانا ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل سطح پر سیرت النبی ؐ کے مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کامیاب شرکاء 25 اگست، 11 ربیع الاول کو سیرت یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہونے والی مرکزی سیرت النبی ؐ کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس کی مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہوں گی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ سیرت النبی ؐ کانفرنسوں کا مقصد نوجوان نسل میں عشقِ رسول ؐ، اعلیٰ اخلاقی اقدار، حب الوطنی، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کا جذبہ اجاگر کرنا ہے؛ ہمیں چاہیے کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو صرف تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل ہی ایک پْرامن، مہذب، باکردار اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن محمد علی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ محبت، اخوت، عدل اور مساوات کا عملی درس ہے، جسے اپنی زندگی میں اپنانا معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ کا ذریعہ ہے۔ چیئرمین متحدہ علماء بورڈ انتخاب نوری نے کہا کہ علماء کرام نوجوان نسل تک سیرت النبی ؐ اور آپ ؐ کی تعلیمات کا پیغام پہنچانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔