حیدرآباد میں انجمنِ گلدستۂ اکبر کا 68واں سالانہ مجلسِ عزا و جلوس، علامہ باقر حسین زیدی کا فکر انگیز خطاب

حیدرآباد (پی پی اے): انجمنِ گلدستۂ اکبر لطیف آباد نمبر 5 تا 10 کے زیرِ اہتمام لطیف آباد نمبر 10 چوراہا پونے دس پر 68واں سالانہ مجلسِ عزا و جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ہزاروں عزادارانِ امام حسینؑ نے شرکت کی۔ مجلس میں واقعۂ کربلا، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں اور فلسفۂ شہادتِ امام حسینؑ کو اجاگر کیا گیا۔ مجلس سے معروف مذہبی اسکالر علامہ سید باقر حسین زیدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت امام حسینؑ کی جدوجہد، حق و باطل میں فرق اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق، صداقت، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا لازوال پیغام ہے۔ مجلس کے دوران محمد جہانزیب نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی، جبکہ سید منظر مہدی جعفری، سید عرفان علی کاظمی اور دیگر نے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ سوز و سلام اور نوحہ خوانی کے دوران عزاداروں نے بھرپور عقیدت کا اظہار کیا۔ بعد از مجلس جلوس برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مسجدِ نبویؐ لطیف آباد نمبر 10 پر اختتام پذیر ہوا، جہاں مومنین کی خدمت میں نیازِ امامؑ پیش کی گئی۔ جلوس کے راستوں پر شرکاء کے لیے بڑی تعداد میں شربت اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں۔ اس موقع پر مولانا سید حیدر عباس زیدی، مولانا سید اطہر عباس زیدی، مولانا نور حسن، مولانا محمد رضا، سید ناظم علی رضوی، ایڈووکیٹ ثمر افضالی، سید محمد احمد جعفری، حسنین رضا، سید مظاہر حسین جعفری، سید رئیس حیدر جعفری، سید مظہر حسین رضوی، سید شہزاد نقوی، سید آفتاب حسین جعفری، سید ابرار حسین نقوی، سید عامر زیدی، سید اظہر عباس زیدی، سید مزمل حسین جعفری، سید منظر مہدی جعفری سمیت دیگر علماء، ذاکرین، معززین، عہدیداران و اراکینِ انجمن اور مومنین نے شرکت کی۔ انجمنِ گلدستۂ اکبر کے صدر سید حسن محمود نقوی، سیکریٹری سید محمد مجاہد جعفری اور دیگر منتظمین نے مجلس و جلوس کے پُرامن انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اداروں، انتظامیہ، میئر و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد، رینجرز، سندھ پولیس، تبلیغِ عزا اسکاؤٹس، انجمنِ حیدری، ادارۂ مرتضوی مسجدِ نبوی، مرکزی تنظیمِ عزا رجسٹرڈ حیدرآباد کے صدر ماجد نقوی، علم کمیٹی، جعفریہ الائنس حیدرآباد، مجلسِ وحدتِ مسلمین حیدرآباد، شیعہ علماء کونسل، عزاداری یوتھ اور تمام انجمنوں و شرکائے مجلس کا شکریہ ادا کیا۔مجلس کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment