راولپنڈی (پی پی اے) راولپنڈی پولیس کی باصلاحیت افسر انسپکٹر ارم خانم نے آل پاکستان پاور لفٹنگ ڈیڈ لفٹ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز جیت کر محکمہ پولیس اور شہر کا نام قومی سطح پر روشن کردیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ آل پاکستان پاور لفٹنگ ڈیڈ لفٹ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مختلف ٹیموں، اداروں اور نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں کھلاڑیوں کے درمیان سخت اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔ انسپکٹر ارم خانم نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دونوں کیٹیگریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور دو طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ انسپکٹر ارم خانم کی یہ پہلی کامیابی نہیں، وہ اس سے قبل بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ ان کی مسلسل کامیابیاں نہ صرف ان کی محنت، عزم اور نظم و ضبط کی عکاس ہیں بلکہ دیگر پولیس افسران کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث ہیں۔ شاندار کامیابی پر سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے انسپکٹر ارم خانم کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ پنجاب پولیس حکام کے مطابق محکمہ اپنے افسران اور اہلکاروں کو پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ کھیلوں میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے بھی بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ پولیس افسران کھیلوں کے میدان میں بھی ملک و قوم اور محکمہ پولیس کا نام روشن کرسکیں۔