راولپنڈی(پی پی اے) 12 ربیع الاول کے مقدس موقع پر شہر میں امن و امان کے قیام اور مذہبی اجتماعات کو پرامن بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس نے تیاریاں تیز کر دیں۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او آفس سٹی میں میلاد کمیٹی امن کمیٹی اور علماء کرام کے نمائندگان کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم اور ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے میلاد کمیٹی کے ارکان، علماء کرام اور امن کمیٹی کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک، ایس ایچ او سٹی سمیت متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔۔اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والے میلاد پروگراموں، جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران سکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پولیس افسران نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے علماء کرام اور میلاد کمیٹی کے ارکان کو آگاہ کیا۔۔اس موقع پر علماء کرام اور امن کمیٹی کے ارکان نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور امن کمیٹی کے باہمی تعاون سے 12 ربیع الاول کے موقع پر راولپنڈی میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین فضا قائم کی جائے گی۔ایس پی راول بیدار بخت گوندل نے کہا کہ امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، سکیورٹی کی مؤثر نگرانی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ علماء کرام، میلاد کمیٹی اور امن کمیٹی کے تعاون سے مذہبی تقریبات کو پرامن اور باوقار انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔۔۔۔