اسلام آباد۔ (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل کی فوری دادرسی کے لیے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو مارک شدہ درخواستوں پر مقررہ وقت میں قانونی کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ پر فیصلے کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت نفس کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔