اسلام آباد (پی پی اے) وزارتِ منصوبہ بندی میں اسلام آباد کی صوبائی حیثیت اور بلدیاتی نظام کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کی ہدایت پر حلقہ این اے 48 اسلام آباد کے صدر عمر مغل جنرل سیکرٹری قاضی فیصل نعیم، چیئرمین ملک وسیم ثناء اور چیئرمین راجہ امجد حسین نے شرکت کی اجلاس میں کنوینئر بیرسٹر ظفر اللہ خان اور وزارتِ منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام نے اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے، صوبائی اسمبلی کے قیام اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ نظام کے تحت اسلام آباد کو دیگر صوبوں کی طرز پر صوبائی حیثیت دی جائے گی اور صوبائی اسمبلی کے ماتحت بلدیاتی نظام قائم ہوگا مجوزہ اسلام آباد صوبائی اسمبلی ممکنہ طور پر 28 یا 30 ارکان پر مشتمل ہوگی جبکہ مختلف حلقوں سے منتخب نمائندے براہِ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کیے جانے کی تجویز ہے مخصوص نشستوں کو بھی اسمبلی کا حصہ بنایا جائے گا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تمام سفارشات مکمل کرلی گئی ہیں اور معاملہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کے پاس موجود ہے۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد آئینی و قانونی مراحل کے تحت بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد صدرِ مملکت کے دستخط کے لیے پیش کیا جائے گا، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرسکے گا اس سلسلے میں رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز سمیت اسلام آباد سے دیگر اراکینِ اسمبلی وزیراعظم پاکستان اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء سے ملاقات کریں گے تاکہ اس اہم عوامی اور جمہوری عمل کو جلد مکمل کیا جاسکے اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو اپنی اسمبلی اور مؤثر بلدیاتی نظام ملنے سے شہریوں کو درپیش دہائیوں پرانے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی اور عوام میں پایا جانے والا احساسِ محرومی بھی ختم ہوگا اس موقع پر حلقہ این اے 48 کے صدر عمر مغل نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز طویل عرصے سے اسلام آباد کی صوبائی اسمبلی کے قیام کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ معاملہ اب وفاقی کابینہ کے مرحلے میں پہنچ چکا ہے عمر مغل نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف عوام کے وسیع تر مفاد میں اسلام آباد کو صوبائی اسمبلی دلوانے کے لیے خصوصی کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے اور اسے مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے