راولپنڈی ( پی پی اے) ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے پوٹھوہار آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژن بھر میں جرائم کی روک تھام، مقدمات کی تفتیش اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے افسران کو واضح ہدایات جاری کر دیں۔ اجلاس میں پوٹھوہار ڈویژن کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ایس پی پوٹھوہار نے افسران سے فرداً فرداً زیرِ تفتیش مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور تفتیشی امور میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں سینئر افسران روزانہ کی بنیاد پر فالو اَپ کرتے ہوئے تفتیش اور پیشرفت کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ انہوں نے زیرِ تفتیش مقدمات کو حقائق و شواہد کی روشنی میں جلد از جلد یکسو کرنے اور چالان پینڈنسی ہر صورت کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ ایس پی پوٹھوہار نے ڈکیتی، رابری اور چوری کی وارداتوں میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتگان کو شاملِ تفتیش کرنے اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور حل کیا جائے۔ چوہدری اثر علی نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔