اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کا پمز ہسپتال میں تفصیلی طبی معائنہ کرایا گیا، جس میں انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا گیا۔ جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی موجود رہیں۔ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ طبی معائنہ پمز ہسپتال میں کرایا گیا، جہاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے راستے اور باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پیدا کی گئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انہیں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طبی معائنے کے مطابق بانی پی ٹی آئی صحت مند پائے گئے۔ انہیں پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔.