راولپنڈی ( پی پی اے) چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال و مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، دشمن کے مذموم عزائم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن کارروائی سے ناکام بنائے جائیں گے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی ممتاز شخصیات، سیاسی قیادت اور سماجی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار لوگوں کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، دیرپا امن اور استحکام صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیتوں سے استفادہ، سرمایہ کاری کے فروغ اور بلوچستان کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی حقیقی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسیز ہیں، جنہیں دشمن عناصر بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے، ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دشمن کے عزائم کو قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی فیصلہ کن کارروائی سے ناکام بنایا جائے گا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی ممتاز شخصیات اور سماجی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور تعمیری قومی مکالمے کو آگے بڑھانے میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے دشمن کے پراپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان و اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ ملاقات کے شرکا نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غیر ملکی سرپرستی سے پیدا ہونے والے خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔