دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، پانی کی آمد 4 لاکھ 25 ہزار کیوسک

لاہور ( پی پی اے) شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 4 لاکھ 25 ہزار جبکہ اخراج 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، تاہم نالہ پلکھو وزیر آباد کے مقام پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ ترجمان کے مطابق نارووال میں نالہ بسنتر اور نالہ ایک میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 72 فیصد بھر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Comments (0)
Add Comment