راولپنڈی (پی پی اے) راولپنڈی اسلام آباد ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نو منتخب صدر اور ایگزیکٹو ممبران کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں کاروباری و تجارتی برادری سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی احسن ظفر بختاوری تھے، جنہوں نے ریڈا کی نو منتخب قیادت سے باقاعدہ حلف لیا اور نئی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔حلف برداری کی تقریب میں عقیل احمد عباسی نے صدر، اظہر عباسی نے چیئرمین، عاطف شہزاد نے سینئر نائب صدر، محمد یونس نے جنرل سیکرٹری، نعیم خان نے گروپ کوآرڈینیٹر، محمد ارسلان بھٹی نے جوائنٹ سیکرٹری، معتی اللہ شیخ نے انفارمیشن سیکرٹری جبکہ فرحان قمر نے فنانس سیکرٹری کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ حلف برداری کے بعد نو منتخب باڈی نے اپنی نئی مدت کا باضابطہ آغاز کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی احسن ظفر بختاوری نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز برادری کی بہتری، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔مقررین نے تقریب کے دوران کاروباری ترقی کے مواقع، ڈسٹری بیوشن اور امپورٹ کے شعبوں کو درپیش مسائل اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔صدر ریڈا عقیل احمد عباسی نے اپنے اختتامی کلمات میں مہمانِ خصوصی احسن ظفر بختاوری اور تقریب میں شریک تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب باڈی ریڈا کی ترقی اور اسے مزید فعال و مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی مدت کے دوران ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔عقیل احمد عباسی نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن اور امپورٹ کا شعبہ کاروباری سرگرمیوں اور مارکیٹ کے نظام میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے اس شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل، کاروباری سہولیات میں بہتری اور باہمی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے نو منتخب ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرنے والے تمام ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں ریڈا کی نو منتخب قیادت، ایگزیکٹو ممبران، ڈسٹری بیوشن اور امپورٹ کے شعبے سے وابستہ سینئر کاروباری شخصیات اور ایسوسی ایشن کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کرتے ہوئے ریڈا کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں کامیاب ہوگی۔