اسلام آباد ( پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران بچوں، سیاسی رہنماؤں، مسلح افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، امدادی کارکنوں اور سرکاری ملازمین سمیت لاکھوں پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے دہشت گردی کے ہاتھوں جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کیا اور متاثرین، ان کے خاندانوں اور ان برادریوں سے اظہار یکجہتی کیا جن کی زندگیاں دہشت گردی نے ہمیشہ کے لیے بدل دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے لے کر آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم بچوں اور اساتذہ سمیت دہشت گردی کا شکار ہونے والے بے شمار پاکستانیوں کی قربانیاں قومی یادداشت کا حصہ ہیں۔ آج بھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شہری اور سکیورٹی اہلکار قربانیاں دے رہے ہیں، جن کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کوئی مذہب، عقیدہ، مسلک، نظریہ، شکایت، مقصد یا سیاسی مفاد بے گناہ انسانوں کے قتل کا جواز نہیں بن سکتا، دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی بلاامتیاز مذمت ہونی چاہیے۔ عالمی برادری کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی ملک کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو اور دہشت گرد تنظیموں کو پناہ، مالی معاونت، اسلحہ یا کسی بھی قسم کی بیرونی مدد فراہم نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے بچ جانے والے افراد برسوں تک جسمانی چوٹوں، نفسیاتی صدمے، روزگار کے نقصان، تعلیم میں تعطل اور سماجی تنہائی کا سامنا کرتے ہیں، ان کی تکالیف کا ازالہ صرف فوری امداد یا ایک مرتبہ کی مالی معاونت سے ممکن نہیں۔ متاثرین طبی و نفسیاتی معاونت، تعلیم، بحالی، قانونی معاونت اور روزگار کے مواقع کے مستحق ہیں تاکہ وہ وقار کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرسکیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان متاثرین کے لیے مربوط معاونتی نظام مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، رواں سال متاثرین کی قیادت میں ڈیجیٹل اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے معلومات، امداد اور بحالی کی خدمات متاثرین اور ان کے خاندانوں تک آسانی سے پہنچائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی مدد خیرات نہیں بلکہ انصاف، انسانی وقار اور قومی ذمہ داری کا معاملہ ہے۔ حکومتی اداروں، صحت و تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ذرائع ابلاغ اور ترقیاتی شراکت داروں کو مل کر متاثرین اور ان کے خاندانوں کو مستقل معاونت فراہم کرنا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں انتہا پسندی، عدم برداشت اور نفرت کا مقابلہ بھی شامل ہے۔ دہشت گردی کو صرف سکیورٹی اقدامات کے ذریعے شکست نہیں دی جاسکتی، بلکہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں نوجوانوں کو انتہا پسندی سے محفوظ رکھا جائے اور نسلی، مذہبی، مسلکی یا سیاسی اختلافات کو تشدد کا جواز نہ بننے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پاکستان کے مختلف صوبوں، برادریوں، مذاہب اور اداروں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا، تاہم وہ قومی عزم کو توڑنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی عوام کی قربانیاں کسی ایک صوبے، نسل، مسلک یا ادارے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی مجموعی قربانیاں ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر قوم سے اپنے پیاروں کو یاد کرنے، دہشت گردی کے اثرات برداشت کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ایک پرامن، متحمل، کثیرالجہتی، ہمدرد اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کی اپیل کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر و حوصلہ دے اور پاکستان کو دائمی امن، استحکام، خوشحالی اور قومی یکجہتی عطا فرمائے۔