فیلڈ مارشل عاصم منیر سے شامی وزیر خارجہ کی ملاقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی ( پی پی اے) چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور شام کو درپیش مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اپنے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ شامی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج اور مسلح افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں روابط و تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment