قومی ڈیٹا قیمتی اثاثہ محفوظ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم ناگزیر ہے، جام کمال خان

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے نمائندوں اور اسکائی 47 کی انتظامیہ نے ملاقات کی، جس میں وزارت تجارت اور اس سے منسلک اداروں کے لیے محفوظ، مربوط اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان وزارت تجارت کے مطابق ملاقات میں حکومتی ڈیٹا کو قومی اثاثے کے طور پر بروئے کار لانے، پاکستان کے خودمختار کلاؤڈ اور ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ڈیٹا کے محفوظ تبادلے اور تجارت و برآمدی پالیسی سازی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارت تجارت کے پاس ہزاروں ٹیرف اور مصنوعات کی لائنوں، برآمد کنندگان، بین الاقوامی منڈیوں، تجارتی اداروں، ایوان ہائے صنعت و تجارت، کاروباری تنظیموں اور بیرون ملک تجارتی مشنز سے متعلق وسیع معلومات موجود ہیں۔ یہ منتشر معلومات معیاری اور مربوط شکل میں محفوظ بناتے ہوئے مجاز صارفین اور فیصلہ سازوں کے لیے آسانی سے قابل رسائی ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تجارتی ڈیٹا ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے، جسے محفوظ رکھنے، مناسب درجہ بندی کرنے اور برآمد کنندگان، کاروباری اداروں اور پالیسی سازوں کے لیے قابل عمل معلومات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزارت کے مختلف شعبوں، منسلک محکموں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان، ایوان ہائے صنعت و تجارت، تجارتی تنظیموں اور 55 سے زائد ممالک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی تجارتی افسران کو مربوط کرنے پر زور دیا۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے نمائندوں نے وزیر تجارت کو ڈیٹا گورننس، ڈیٹا ایکسچینج، انٹرپرائز آرکیٹیکچر اور کلاؤڈ اپنانے سے متعلق قومی فریم ورک کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں حکومتی ڈیٹا کی مختلف کیٹیگریز میں درجہ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری ادارے مکمل ڈیٹا سیٹس منتقل کرنے کے بجائے مخصوص مقصد کے لیے درکار معلومات ہی شیئر کریں۔ مجوزہ ڈیٹا ایکسچینج طریقہ کار خفیہ اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام کے ساتھ محفوظ، معیاری اور قابل سراغ بین الادارہ جاتی رسائی کو یقینی بنائے گا۔
شرکا نے قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس کے تحت وفاقی و صوبائی حکومتوں، سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے اشتراک سے مختلف شعبوں کے لیے مخصوص ڈیجیٹلائزیشن روڈ میپس تیار کیے جا سکیں گے جام کمال خان نے تجارتی رجحانات کے تجزیے، برآمدی مواقع کی نشاندہی اور مارکیٹ سے متعلق پالیسی سفارشات کی تیاری میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مجاز حکومتی اور شعبہ جاتی ڈیٹا پر تربیت یافتہ مقامی مصنوعی ذہانت کا پلیٹ فارم معاشی منصوبہ بندی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اسکائی 47 کے ساتھ ملاقات میں پاکستان میں ڈیٹا سینٹر کی صلاحیت، خودمختار کلاؤڈ سروسز سائبر سکیورٹی ہنگامی صورتحال میں ڈیٹا کی بحالی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اسکائی 47 کی ٹیم نے وزیر تجارت کو ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی وزیر تجارت کو بتایا گیا کہ جدید ڈیٹا سینٹرز بین الاقوامی معیار کے مطابق انتہائی قابل اعتماد خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں توانائی کے مؤثر استعمال پر مبنی کولنگ سسٹمز، ذہین ڈیٹا اسٹوریج، میٹا ڈیٹا مینجمنٹ، ڈیٹا فیبرک ٹیکنالوجیز، روایتی ایپلی کیشنز، مصنوعی ذہانت کے ماڈلز اور مستقبل میں کوانٹم کمپیوٹنگ کے لیے درکار مختلف کمپیوٹنگ ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کو اہم قومی ڈیٹا ملک کے اندر محفوظ رکھنے کے لیے مقامی صلاحیت پیدا کرنی چاہیے جبکہ ڈیٹا کی خودمختاری یقینی بناتے ہوئے کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبوں میں جدت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہیے

Comments (0)
Add Comment