وزیراعظم کا دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی، مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (پی پی اے): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہار عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی بنی نوع انسان کو درپیش سب سے سنگین مسائل میں سے ایک ہے۔ پاکستان آج دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر دہشت گردی کے تمام متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں اور معصوم شہریوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، جبکہ شہداء کے لواحقین اور زندگی بھر کے لیے زخمی ہونے والے افراد بھی ہماری ہمدردی اور خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں صرف قیمتی جانوں تک محدود نہیں بلکہ ملک نے اس کی بھاری معاشی اور سماجی قیمت بھی ادا کی ہے۔ دہشت گردی نے شہریوں کی معاشی آسودگی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے سفر کو شدید متاثر کیا۔ پاکستان اپنے بھرپور قومی عزم کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم، تہذیب، مذہب یا عقیدہ دہشت گردی کی ترغیب نہیں دیتا۔ دہشت گردی کی کارروائیاں بیمار ذہن اور غیر انسانی نظریے کی عکاس ہیں۔ عالمی برادری کی جانب سے دہشت گردی کی بلاامتیاز مذمت اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی جسمانی، نفسیاتی اور سماجی بحالی بھی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت پاکستان محدود وسائل کے باوجود دہشت گردی کے متاثرین، شہداء کے لواحقین اور دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دیتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہداء، ان کے لواحقین اور متاثرین کے لیے ایک مربوط معاونتی نظام موجود ہے، جبکہ تمام متاثرین کو علاج، بحالی اور شہری سہولیات تک فوری رسائی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے عالمی، قومی، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ مثبت انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی بالادستی کو عملی طور پر تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی، تخریب کاری اور منفی رجحانات کے خلاف مؤثر آواز بلند کریں۔

Comments (0)
Add Comment