پانی کی ایک ایک بوند بچانا آنے والی نسلوں کا تحفظ ہے، مشعال حسین ملک

اسلام آباد ( پی پی اے) پانی کے بڑھتے ہوئے بحران اور مستقبل میں ممکنہ آبی قلت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومت، اداروں اور عوام کو مشترکہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، پانی کی ایک ایک بوند محفوظ بنانا آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی مشعال حسین ملک نے کونسل برائے تحفظِ آب و ماحولیات کے زیر اہتمام اسلام آباد کلب میں منعقدہ ممبرشپ کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ رفیق طاہر، چیئرپرسن عاصمہ ملک، صدر محمود وڑائچ، ایگزیکٹو صدر منیر عثمانی، میزبان راشد ملک سمیت کونسل کے بانی، سینئر اور ایگزیکٹو اراکین نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان، بالخصوص اسلام آباد میں پانی کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی قلت اور مستقبل میں پیدا ہونے والے ممکنہ آبی بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے خبردار کیا کہ پانی کے محدود ذخائر اور بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث آبی تحفظ کو قومی ترجیح بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ بحران سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ سرپرستِ اعلیٰ رفیق طاہر نے کہا کہ پانی کا تحفظ صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے، پانی کے بے دریغ ضیاع کی روک تھام اور عوام میں آبی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے پر زور دیا۔ مہمانِ خصوصی مشعال حسین ملک نے کونسل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے، اس کے تحفظ کے لیے حکومت، متعلقہ اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کو مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔ آج پانی کی ایک ایک بوند محفوظ کرنا دراصل آنے والی نسلوں کی زندگی اور مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔
چیئرپرسن عاصمہ ملک نے نئے اراکین میں ممبرشپ کارڈز تقسیم کیے اور ’’آبی تحفظ کا حامل پاکستان‘‘ کے مقصد کے لیے کونسل کی جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے پانی کے ضیاع کی روک تھام اور آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے اجتماعی سطح پر آگاہی اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کونسل کے عہدیداران نے کہا کہ آج بچایا گیا ہر قطرہ کل کی زندگی کی ضمانت ہے، اس لیے آبی تحفظ کو محض شعاری مہم کے بجائے قومی ذمہ داری کے طور پر اپنانا ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment