پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار اضافہ، پٹرول پر 80 اور ڈیزل پر بھی 80 روپے فی لٹر مقرر

اسلام آباد۔( پی پی اے) وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے یکم جولائی سے 20 اگست تک پٹرولیم لیوی کی شرح کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہیں۔ یکم جولائی 2026 کو پٹرول پر فی لٹر لیوی 66 روپے 64 پیسے جبکہ ڈیزل پر 79 روپے 54 پیسے تھی، جو 20 اگست 2026 کو دونوں مصنوعات پر 80،80 روپے فی لٹر ہوگئی جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے غیر نشان زدہ سوالات کے جوابات میں آصف خان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) علی پرویز نے بتایا کہ غیر معمولی بین الاقوامی منڈی کے اتار چڑھاؤ کے دوران صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم لیوی کی شرح میں کمی کی گئی تھی، جسے منظور شدہ بجٹ کے ہدف کے مطابق مرحلہ وار بحال کیا گیا ہے۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی سے 20 اگست 2026 تک پٹرول پر لیوی میں 13 روپے 36 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔ ڈیزل پر یکم جولائی کو مقرر 79 روپے 54 پیسے فی لٹر لیوی میں بتدریج کمی کرتے ہوئے 11 جولائی کو 70 روپے 82 پیسے کردی گئی، جسے 20 اگست کو بڑھا کر 80 روپے فی لٹر مقرر کیا گیا۔ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پٹرولیم لیوی کی وصولیوں کے لیے 1676 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل پر اوسط فی لٹر لیوی 80 روپے مقرر ہے

Comments (0)
Add Comment