اسلام آباد۔(۔پی پی اے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جامع ایجنڈے پر غور کیا گیا. نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں خوازہ خیلہ۔بشام ایکسپریس وے کی تعمیر، لیسکو، حیسکو اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم کے نظام کی استعداد کار میں بہتری کے منصوبوں، تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے، جنوبی پنجاب میں غربت میں کمی کے منصوبے اور فل برائٹ سکالرشپ سپورٹ پروگرام سمیت پانی، رابطہ اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے نظرثانی شدہ پی سی۔ون (PC-Is) پر بھی غور کیا جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور عمل درآمد کا جائزہ لیا تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں اور حکومت کے وسیع تر اقتصادی ترقی اور بہتر رابطے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا عمل جاری رکھا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ ڈویژن اور وزارت منصوبہ بندی کے سیکریٹریز، اقتصادی امور ڈویژن اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔