اسلام آباد (پی پی اے) بارہ ربیع الاول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پولیس حکام، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام و نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر منعقد ہونے والے جلوسوں، محافلِ میلاد اور دیگر مذہبی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علماء کرام اور منتظمین نے انتظامی امور سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں اور مختلف معاملات سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ اور دیگر ضروری انتظامی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔