لاہور ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے جبکہ مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ان علاقوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت کی جہاں رسائی نہ ہونے کے باعث اب تک امدادی سامان نہیں پہنچ سکا وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی بھی ہدایت کیاجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم بھی فعال ہیں، جن کی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سردار اویس لغاری، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔