راولپنڈی ( پی پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے مسلسل تیسرے روز گوالمنڈی پل پر نالہ لئی کے کناروں پر جاری خصوصی صفائی آپریشن کا معائنہ کیا اور فیلڈ میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک، مینیجر آپریشنز سٹی سید حسن سردار، اسسٹنٹ مینیجر آپریشنز ایرج کاظمی، سیکٹر چیف ملک گلفراز اور دیگر آپریشنل و فیلڈ سٹاف بھی موجود تھے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف جاری صفائی اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران و ورکرز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ رانا ساجد صفدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ورکرز کو ہدایت کی کہ بارشوں کے پیش نظر مکمل الرٹ رہیں اور نالہ لئی کے کناروں سمیت شہر بھر میں کسی بھی مقام پر کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ نالیوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ بارش کے دوران بھی صفائی ٹیموں کی موجودگی یقینی بنائی جائے رانا ساجد صفدر نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے انجام دیں اور آپریشنل سرگرمیوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔