اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصرالدین بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم کی روک تھام اور امیگریشن مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور دہشت گردی، منشیات و انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کا طریقہ کار مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے داخلی سلامتی، قانون کے نفاذ، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزراء نے اتفاق کیا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دہشت گردی و منشیات اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششیں مؤثر بنانے، نیشنل پولیس اکیڈمی پاکستان اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے، تربیتی پروگراموں میں توسیع اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مہارت کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تعاون بھی ملاقات کا اہم موضوع رہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ آپریشنز اور متعلقہ شعبوں میں ملائیشیا کے تجربے سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔دونوں اطراف نے سیاحت اور ویزا سہولیات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفر کو فروغ دینے اور ویزا طریقہ کار آسان بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک ترجیحی منزل ہے اور امید ظاہر کی کہ ورکرز کے کوٹے میں اضافے سے مزید پاکستانی قانونی ذرائع سے ملائیشیا میں روزگار حاصل کرسکیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ، چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔