اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں سی ٹی کورونری اینجیوگرافی کی سہولت فعال نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے حقائق کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے کمیٹی کو معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقائق اور ذمہ داری کا تعین کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہوں گے، جبکہ دیگر ارکان میں سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن، اے ایف آئی سی سے بریگیڈیئر ڈاکٹر جہانزیب علی، ڈاکٹر نصرت اللہ چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر عظمت حیات (پمز) اور عمر فاروق (سی ٹی اینجیو ٹیکنیشن، اے ایف آئی سی) شامل ہیں۔ کمیٹی جائزہ لے گی کہ پمز میں 2022ء سے سی ٹی کورونری اینجیوگرام کرنے کی تکنیکی صلاحیت موجود تھی یا نہیں اور مطلوبہ تکنیکی سہولیات، انسانی وسائل اور سافٹ ویئر کس حد تک دستیاب تھے۔ کمیٹی 2022ء سے اب تک پمز میں کیے گئے سی ٹی کورونری اینجیوگرام کے طریقہ کار، تعداد، تاریخوں اور نوعیت کا بھی جائزہ لے گی۔ انکوائری کمیٹی کارڈیالوجی اور ریڈیالوجی شعبوں کے درمیان ریفرل میکنزم، باہمی رابطے اور انتظامیہ کے کردار کا بھی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ مریضوں کو نجی طبی مراکز ریفر کیے جانے، کسی مخصوص نجی ادارے کو ترجیح دینے اور سرکاری ہسپتال سے نجی مراکز کی جانب مالیاتی کاروبار منتقل ہونے کے معاملے کی بھی چھان بین کی جائے گی۔
کمیٹی دونوں شعبوں کے درمیان عدم رابطہ کاری، بدانتظامی یا غلط فہمی اور اس کے نتیجے میں عوامی مفاد کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے کر ذمہ دار افسران یا دفاتر کا تعین کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ حقائق اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مزید کارروائی قانون اور قواعد کے مطابق عمل میں لائی جا سکے۔ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کمیٹی کو انکوائری کے دوران معاونت فراہم کرے گا۔