اسلام آباد(پی پی اے ) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ سرکل اے ایس پی علی رضا قریشی سے ملاقات کی، جس میں سیکرٹریٹ سرکل کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور پولیسنگ کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران موثر پٹرولنگ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر تفتیش، سکیورٹی انتظامات اور شہریوں کو معیاری پولیس خدمات کی فراہمی سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور اہم و حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی اور پٹرولنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مقدمات کی تفتیش میں معیار، شفافیت اور رفتار برقرار رکھنے اور تمام کیسز کو میرٹ و قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت و معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کی شکایات اور مسائل پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے اور پولیس و عوام کے درمیان موثر رابطے کو مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے موثر انسداد، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پولیسنگ کے معیار میں مزید بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں۔