اسلام آباد ( پی پی اے) وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام حضور نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس 12 ربیع الاول بمطابق 26 اگست بدھ کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ رواں سال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔ کانفرنس میں اعلیٰ حکومتی شخصیات، غیر ملکی مندوبین، پارلیمینٹرینز، سفارتکار، سکالرز، علما و مشائخ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ کانفرنس کے موضوع کے حوالے سے علما و مشائخ اور سکالرز اظہار خیال کریں گے۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں سیرت کے موضوع پر مختلف زبانوں میں کتبِ سیرت، مقالاتِ سیرت اور کتبِ نعت کے مقابلوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ موضوع کی مناسبت سے سیرت کانفرنس کے اختتام پر وزارت مذہبی امور کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔