صدر مملکت کا کیٹی بندر پورٹ کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر زور

اسلام آباد ( پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیٹی بندر پورٹ کی ترقی کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کو قابل اعتماد سڑکوں کے رابطے، بجلی و پانی کی فراہمی، صنعتی بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات سے منسلک کیا جائے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی (سی ایچ ای سی) کی جانب سے کیٹی بندر پورٹ کی مجوزہ ترقی کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور بحری ترقی میں چین کی مسلسل دلچسپی کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کیٹی بندر میں ایک اضافی بحری گیٹ وے کے طور پر نمایاں صلاحیت موجود ہے، جو پاکستان کے بندرگاہی اور لاجسٹکس نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، رابطہ کاری بہتر کرنے اور تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے چینی فریق اور متعلقہ پاکستانی اداروں کے درمیان قریبی تکنیکی رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں ماحولیاتی پائیداری کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے، بالخصوص دریائے سندھ کے ڈیلٹا کے نازک ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی ماہی گیر برادریوں کے مفادات اور روزگار کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ صدر مملکت نے ماسٹر پلان کو مزید بہتر بنانے اور اس پر عملدرآمد و مالی معاونت کے مناسب طریقہ کار کی نشاندہی کے لیے مسلسل تکنیکی مشاورت کی حوصلہ افزائی کی۔ چینی وفد نے کیٹی بندر پورٹ کے تصوراتی ماسٹر پلان پر بریفنگ دی، جس میں متعدد ٹرمینلز، لاجسٹکس اور معاون بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ایک نئے ڈیپ واٹر بحری گیٹ وے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 500 میٹر طویل کوے پر مشتمل کثیرالمقاصد ٹرمینل شامل ہے، جبکہ ابتدائی انجینئرنگ لاگت کا تخمینہ تقریباً 522.34 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹرز سلیم مانڈوی والا اور شیری رحمان، سندھ کے وزیر برائے توانائی، منصوبہ بندی و ترقی ناصر حسین شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر اور چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے بھی شرکت کی۔ چینی وفد میں پاکستان میں سی ایچ ای سی کے چیف نمائندے وو پنگ، مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ وانگ زونگ ڈے، انجینئر شو تیے لِن اور اسٹریٹجی اینڈ مارکیٹنگ کے جنرل منیجر علی رضا شامل تھے۔

Comments (0)
Add Comment