اسلام آباد ( پی پی اے) غذائی مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 2.47 فیصد جبکہ گوشت اور گوشت سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں 16.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے دوران ملک سے غذائی مصنوعات کی برآمدات 437.078 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو جولائی 2025 کی 426.555 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 2.47 فیصد زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں چاول کی برآمدات 19.15 فیصد اضافے سے 346,024 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں، جن کی مالیت 199.950 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ جولائی 2025 میں 293,166 میٹرک ٹن چاول 167.183 ملین ڈالر میں برآمد کیے گئے تھے۔ تمباکو کی برآمدات میں جولائی کے دوران 72.55 فیصد نمایاں اضافہ ہوا اور 6.861 ملین ڈالر مالیت کا 2,334 میٹرک ٹن تمباکو برآمد کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال جولائی میں 3.976 ملین ڈالر مالیت کا 1,292 میٹرک ٹن تمباکو برآمد ہوا تھا۔ مصالحہ جات کی برآمدات 9.95 فیصد اضافے سے 2,905 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں، جن کی مالیت 7.426 ملین ڈالر رہی۔ اسی دوران تیل دار اجناس اور گری دار میوہ جات کی برآمدات میں 493.70 فیصد نمایاں اضافہ ہوا اور ان کی مالیت 24.898 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ گوشت اور گوشت سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں 16.20 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی 2026 میں 8,963 میٹرک ٹن سے زائد گوشت اور متعلقہ مصنوعات 47.001 ملین ڈالر میں برآمد کی گئیں، جبکہ جولائی 2025 میں 9,141 میٹرک ٹن گوشت کی برآمد سے 40.449 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔اعداد و شمار کے مطابق مچھلی اور مچھلی سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات کی مالیت میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔ جولائی 2026 میں 11,568 میٹرک ٹن مچھلی اور متعلقہ مصنوعات 22.544 ملین ڈالر میں برآمد کی گئیں، جبکہ جولائی 2025 میں 11,738 میٹرک ٹن کی برآمد سے 22.447 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران ملک میں غذائی مصنوعات کی درآمدات 805.447 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ جولائی 2025 میں غذائی مصنوعات کی درآمدات کا حجم 744.974 ملین ڈالر تھا۔