اسلام آباد۔ ( پی پی اے) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 7.1 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 72.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 261.4 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کیے، جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 7.1 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں یہ رقم 244 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ جون کے مقابلے میں جولائی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 72.6 فیصد اضافہ ہوا۔ ون میں اس مد میں 151.4 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں مالیاتی کاروباری شعبے میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 61.9 ملین ڈالر، بجلی 73.1 ملین ڈالر، خوراک 8.8 ملین ڈالر، مواصلات 24 ملین ڈالر، تمباکو و سگریٹ 14.6 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ 11.5 ملین ڈالر، مشروبات 12.9 ملین ڈالر اور ٹرانسپورٹ آلات کے شعبے سے 8.1 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کیے گئے۔اسی طرح تیل و گیس کی تلاش کے شعبے سے 0.4 ملین ڈالر، کان کنی سے 8.5 ملین ڈالر جبکہ دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 33.5 ملین ڈالر کی بیرون ملک منتقلی ریکارڈ کی گئی