پاکستان میں سیاحت کا شعبہ 47 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے

اسلام آباد۔( پی پی اے) پاکستان میں سیاحت کا شعبہ 47 لاکھ 30 ہزار افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اس شعبے کا حصہ 5.8 فیصد ہےورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق 2023 میں پاکستان کے سیاحتی شعبے نے 97 ہزار 500 غیر ملکی سیاحوں کو راغب کیا، جو ملک کی سیاحتی استعداد کے مقابلے میں کم ہے۔ دنیا کی 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 5 پاکستان میں واقع ہیں، جبکہ ملک میں طویل ساحلی پٹی، صحرا، دریائی وادیاں اور تاریخی مقامات بھی سیاحت کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان پولیس کے اعدادوشمار کے تحت 2024 میں علاقے میں 21 ہزار 862 بین الاقوامی سیاح جبکہ 4 لاکھ 86 ہزار 571 مقامی سیاح آئے۔ 2023 کے مقابلے میں 2024 کے دوران گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں 121 فیصد جبکہ مقامی سیاحوں کی تعداد میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحت میں اضافے کی بڑی وجہ سکردو ایئرپورٹ سے فضائی سفر کی سہولیات میں بہتری ہے۔ بہتر فضائی رابطوں کے باعث کے ٹو، براڈ پیک اور دیگر گلیشیئرز تک رسائی کے لیے 2024 کے دوران 15 ہزار 600 غیر ملکی سیاحوں نے علاقے کا سفر کیا۔ ڈبلیو ٹی ٹی سی کے مطابق 2023 میں پاکستان کے سیاحت و سفر کے شعبے سے 47 لاکھ 30 ہزار افراد کا روزگار وابستہ تھا، جبکہ جی ڈی پی میں اس شعبے کا حصہ 5.8 فیصد یعنی 19.8 ارب ڈالر رہا۔ عالمی کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ شمالی علاقوں، طویل ساحلی پٹی، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف ثقافتی و تاریخی مقامات تک رسائی کے لیے بنیادی ڈھانچے، تفریحی اور رہائشی سہولیات کو بہتر بنا کر مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کی بڑی تعداد کو راغب کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیاحت کے شعبے کی ترقی سے لاکھوں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بے روزگاری پر قابو پانے اور قومی معیشت کی ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment