لاہور ( پی پی اے) پنجاب کے بیشتر دریاؤں اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 95 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 87 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 52 ہزار جبکہ تونسہ میں 3 لاکھ 86 ہزار کیوسک ہے۔ ترجمان کے مطابق نالہ پلکھو میں وزیر آباد کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جہاں پانی کا ڈسچارج 5 ہزار 500 کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ ایک میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 74 فیصد بھر چکا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کرنے اور بچوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دریاؤں اور ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیا جائ