چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 200 فیصد اضافہ، حجم 122.99 ملین ڈالر تک پہنچ گیا

اسلام آباد ( پی پی اے) چین کو پاکستان کی چاول کی برآمدات رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر 200.49 فیصد اضافے کے ساتھ 122.99 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے مطابق جنوری تا جولائی 2025 کے دوران چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات 40.93 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، جو رواں سال اسی عرصے میں بڑھ کر 122.99 ملین ڈالر ہوگئیں۔ حجم کے اعتبار سے بھی چین کو چاول کی ترسیل میں 265.55 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری تا جولائی 2025 میں 98,723 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال اسی عرصے میں یہ حجم بڑھ کر 360,887 میٹرک ٹن ہوگیا۔ اعداد و شمار کے مطابق مکمل اور ٹوٹے ہوئے دونوں اقسام کے چاول کی طلب میں اضافہ ہوا۔ لانگ گرین رائس کی برآمدات 58.10 ملین ڈالر رہیں، جو مجموعی چاول کی برآمدات کا 47 فیصد سے زائد ہیں۔ اس قسم کے 157,329 میٹرک ٹن چاول چین برآمد کیے گئے، جو سالانہ بنیاد پر 76.48 فیصد اضافہ ہے۔لانگ گرین بروکن رائس سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کیٹیگری رہی، جس کی برآمدات میں 607.89 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 41.50 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کیٹیگری کے 130,110 میٹرک ٹن چاول چین بھیجے گئے۔ اسی طرح شارٹ اینڈ میڈیم گرین بروکن رائس کی برآمدات میں 988.07 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 23.40 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ اس کیٹیگری کے تحت 73,448 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے۔ چین میں گوانگ ڈونگ پاکستانی چاول کی سب سے بڑی منڈی رہی، جہاں 41.64 ملین ڈالر مالیت کے چاول بھیجے گئے، جو چین کو پاکستان کی مجموعی چاول برآمدات کا تقریباً 34 فیصد ہے۔ بیجنگ میونسپلٹی 37.57 ملین ڈالر کی درآمدات کے ساتھ دوسرے، جیانگ شی صوبہ 18.82 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے جبکہ جیانگ سو صوبہ 8.38 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں منڈیوں میں شامل رہا۔ جنوبی چین میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں اضافے کی اہم وجوہات میں پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا گوانگ ژو کا دورہ اور متعدد ویبینارز کا انعقاد شامل ہے۔ وفد نے چینی اناج درآمد کنندگان، تقسیم کاروں اور فوڈ پراسیسنگ کمپنیوں سے براہ راست ملاقاتیں کیں، جس کے نتیجے میں چینی مارکیٹ تک رسائی کے مواقع پیدا ہوئے اور متعدد بڑے تجارتی معاہدے طے پائے۔ گوانگ ژو میں پاکستان کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر محمد عمران نے کہا کہ مسابقتی قیمت، اعلیٰ معیار کی ملنگ اور چین کے فوڈ پراسیسنگ و مویشیوں کی خوراک کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث چاول دوطرفہ تجارت کا اہم حصہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ قدر والے برانڈڈ پیکجڈ باسمتی چاول کی برآمدات، جدید بیج ٹیکنالوجی کے لیے مشترکہ منصوبوں اور چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طویل مدتی کنٹریکٹ فارمنگ شراکت داری کے ذریعے اپنی برآمدی آمدنی میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔

Comments (0)
Add Comment