اسلام آباد ( پی پی اے): پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے ایم 6 موٹر وے کے سکھر۔حیدرآباد سیکشن کی تکمیل کے لیے درکار 40 ارب روپے فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سٹریٹجک منصوبہ ہے، اس کی تکمیل میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ایم 6 موٹر وے سکھر۔حیدرآباد سیکشن کو فنڈنگ کی کمی کا سامنا ہے۔ اس معاملے کو متعلقہ فورمز پر بارہا اٹھایا جا چکا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار 70 ارب روپے میں سے اب تک صرف 30 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب وسائل کی کمی کا جواز پیش کرتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی طرف جانے کی بات کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری جانب ایکنک نے پنجاب میں ایک موٹر وے منصوبے کی منظوری دے کر اس کے لیے 49 ارب روپے بھی جاری کر دیئے ہیں۔شرمیلا فاروقی نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر اسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ارسال کیا جائے اور ایم 6 موٹر وے کے سکھر۔حیدرآباد سیکشن کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں