برآمدات میں اضافے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں، فارن ٹریڈ ونگز ہر ملک کے لیے الگ ایکشن پلان تیار کریں، جام کمال

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی حوصلہ افزا نمو سے فائدہ اٹھایا جائے اور نئی تجارتی منڈیوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جائے۔ منگل کو ترجمان وزارت تجارت کے مطابق وفاقی وزیر کی زیر صدارت فارن ٹریڈ ونگز کا اہم داخلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ، مارکیٹ تنوع اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔جام کمال خان نے ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی حوصلہ افزا نمو پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مارکیٹ تنوع، مضبوط کاروباری روابط اور بیرون ملک تجارتی مشنز کے ساتھ رابطے مزید بڑھائے جائیں۔انہوں نے چاول، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، ادویہ سازی، پراسیسڈ فوڈ، لائٹ انجینئرنگ اور خدمات کے شعبوں کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کی ہدایت بھی کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن ٹریڈ ونگز ترجیحی مصنوعات اور مارکیٹ رسائی کے حوالے سے ہر ملک کے لیے علیحدہ ایکشن پلان تیار کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی معاہدے پاکستان کے لیے متوازن اور بامعنی تجارتی فوائد کے حامل ہونے چاہئیں۔جام کمال خان نے زیر التوا مشترکہ تجارتی کمیٹیوں اور مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت تجارت، وزارت خارجہ، بیرون ملک پاکستانی مشنز اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ برآمدات کے فروغ اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جا سکیں۔

Comments (0)
Add Comment