راولپنڈی(پی پی اے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر شہر کو صاف، ستھرا اور خوبصورت رکھنے کے لیے جامع صفائی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی ہدایات پر ضلع راولپنڈی میں صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بناتے ہوئے مرکزی جلوسوں، محافل اور دیگر مذہبی اجتماعات کے روٹس پر خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ مرکزی جلوس کے پیش نظر تمام صفائی ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ جلوس کے آغاز سے قبل تمام روٹس اور ملحقہ علاقوں کو مکمل طور پر زیرو ویسٹ بنایا جا سکے۔ صفائی عملہ جلوس سے قبل راستوں کی صفائی، جھاڑو اور ویسٹ لفٹنگ کے ساتھ دورانِ جلوس بھی متحرک رہے گا، جبکہ جلوس کے اختتام پر فوری صفائی کرکے تمام راستوں کو دوبارہ زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ صفائی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رانا ساجد صفدر نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ مرکزی جلوس کے روٹس سمیت تمام اہم مقامات پر صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر خصوصی طور پر چونے اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، جبکہ صفائی ورکرز جلوس کے ساتھ موجود رہ کر راستے میں پیدا ہونے والے کوڑے کو فوری طور پر اٹھائیں گے۔ رانا ساجد صفدر نے کہا کہ تمام افسران اور فیلڈ عملہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر صفائی آپریشن کی نگرانی کریں گے، جبکہ مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے پورے آپریشن کی مانیٹرنگ اور فیلڈ ٹیموں سے رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹس پر خصوصی صفائی ٹیمیں تین مرحلوں میں کام کریں گی۔ پہلے مرحلے میں جلوس سے قبل روٹس کی مکمل صفائی اور ویسٹ لفٹنگ، دوسرے مرحلے میں جلوس کے دوران مسلسل صفائی، جبکہ تیسرے مرحلے میں جلوس کے اختتام پر فوری صفائی کرکے تمام روٹس کو زیرو ویسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر موجود رہ کر صفائی انتظامات کا جائزہ لیں اور جلوس کے تمام روٹس پر صفائی کا تسلسل یقینی بنائیں۔ رانا ساجد صفدر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، کوڑا کرکٹ سڑکوں اور جلوس کے راستوں پر پھینکنے کے بجائے مقررہ ویسٹ کنٹینرز میں ڈالیں اور ستھرا پنجاب کے صاف شہر کے مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔