اسلام آباد۔( پی پی اے) قومی اسمبلی کے اراکین نے ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے جامع اقدامات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سعد وسیم نے کہا کہ ان کے حلقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ زیادہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کی پالیسیوں سے لوگوں کے مسائل مزید بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک گھرانے کی بجلی چوری کی سزا پورے گاؤں یا علاقے کو دینا مناسب نہیں، اس طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ نقصانات کو منظم کرنے کے لیے واپڈا بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے پورے علاقے کی بجلی بند کر دیتا ہے، جس سے عام صارفین متاثر ہوتے ہیں۔ سعد وسیم نے مطالبہ کیا کہ واپڈا کی پالیسی کے معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر چیئرمین کی رولنگ آنی چاہیے۔پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے بھی کہا کہ ان کے حلقے میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ موجود ہے، جس کا جامع اور پائیدار حل تلاش کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے چینی برآمد کی گئی جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، اب چینی درآمد کرنے کے حوالے سے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔