اسلام آباد۔( پی پی اے) وفاقی وزیر آبی وسائل معین حیدر وٹو نے کہا ہے کہ ضلع لیہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے فوری اقدامات جاری ہیں، اس وقت لیہ سے 3 لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے، پانی کی سطح کم ہوتے ہی بحالی اور معاوضہ جات کی ادائیگی کے اقدامات شروع کر دیے جائیں گے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں ضلع لیہ میں دریائی کٹاؤ اور سیلاب کے خطرے سے متعلق اویس حیدر جھکڑ اور دیگر ارکان کے توجہ مبذول نوٹس پر وفاقی وزیر نے ایوان کو بتایا کہ دریائی کٹاؤ کے باعث لیہ میں کئی دیہات دریا برد ہو رہے ہیں اور لوگوں کو نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات ہوئی ہے۔ سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کے لیے رہائشی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ جن لوگوں کو نقصان پہنچا ہے انہیں معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انتظامیہ چوکس ہے اور امداد و بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔ معین حیدر وٹو نے کہا کہ اس وقت لیہ سے 3 لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے، پانی کم ہوتے ہی بحالی اور معاوضہ جات کی ادائیگی کے لیے عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے۔ اویس حیدر جھکڑ کے سوال پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کو معاوضہ جات فراہم کیے گئے تھے۔ سید شاہ احد علی شاہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھی سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے گرین فنڈز سے متعلق معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔